ٹنڈو آدم، گیس کے ادا شدہ بل بقایا لگاکر دوبارہ بھیجنے کیخلاف احتجاج

215

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈوآدم میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے صارفین کو بل جمع کرانے کے باوجود جمع شدہ بل دوبارہ بقایا جات لگا کر بھیج دیے گئے، صارفین نے بل کی درستگی کے لیے سوئی گیس آفس کا رخ کرلیا۔ ٹنڈوآدم میں سوئی سدرن گیس کمپنی ٹنڈوآدم کے جن صارفین نے ماہ جنوری میں مقررہ 28 جنوری 2012ء کو مقامی بینک میں بل جمع کروائے تھے، ماہ فروری 2021ء میں جمع کرائے گئے بل دوبارہ بقایا جات مع سرچارج سوئی گیس صارفین کو محکمہ سوئی گیس کی جانب سے ارسال کردیے گئے جس کی وجہ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بڑی تعداد میں صارفین اپنے جمع شدہ بل اور موجودہ بل لے کر سوئی گیس آفس حیدرآباد روڈ پر پہنچ گئے اور انہوں نے اپنے بل درست کرائے۔ اس موقع پر صارفین کا کہنا تھا کہ صارفین نے مقررہ تاریخ پر بل جمع کروائے اور وہ دوبارہ لگ کر آگئے تو اس صارف کا کیا قصور ہے، یہ بینک اور محکمے کا معاملہ ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سوئی گیس بینک انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرے اور محکمہ سوئی گیس، بینک کے افسران صارفین کے ساتھ زیادتی کا نوٹس لیں اور بینک عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر وقت مقررہ پر جمع شدہ بلوں کا اسکرول متعلقہ محکمے کو ارسال کریں تاکہ صارفین کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ سوئی گیس آفس شہر کے بجائے ایک کلو میٹر دور حیدرآباد روڈ پر بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے بڑی پریشانی ہے۔