بنگلادیش میں محصور پاکستانیوں کی منتقلی پر پی آر سی کا اجلاس

329
جدہ: پاکستان ریپیٹریئشن کونسل کے چیئرمین احتشام الدین ارشد آن لائن اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

جدہ (سید مسرت خلیل؍ بیورو چیف) پاکستان ریپیٹریئشن کونسل (پی آر سی) کے زیر اہتمام ایک اعلیٰ سطح کا آن لائن اجلاس چیئرمین احتشام ارشد نظامی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میںبنگلا دیش میں محصور پاکستانیوں کے مسائل خصوصاً ان کی آبادکاری اور منتقلی کے مسئلے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جائزہ لیا گیا کہ حال ہی میں بنگلا دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر سے خصوصی ملاقات کے دوران بنگلا دیشی وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان محصور پاکستانیوں کو بنگلا دیش سے لے جائے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ڈھاکا حکومت کے اس موقف سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومت بنگلا دیش محصورین کو 50 برس بعد بھی رکھنا نہیں چاہتی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی آر سی کا اعلیٰ سطح کا وفد چیئرمین احتشام ارشد نظامی کی قیادت میں پاکستان جا کر اعلیٰ حکام سے مل کر زور دے گا کہ وہ فی الفور بنگلا دیش کی حکومت سے مذاکرات کریں اور دونوں حکومتیں مل کر اس تاریخی انسانی مسئلے کا حل نکالیں۔ اجلاس میں پی آر سی کے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام محصورین کی آبادکاری ہونی چاہیے۔ چیئرمین احتشام ارشد نظامی نے خرابی صحت اور اپنی مصروفیات کے باعث عہدے سے سبکدوشی کا اظہار کیا، تاہم پی آر سی کے اراکین نے ان پر زور دیا کہ اپنی جدوجہد اور خدمات جاری رکھیں۔ اس سلسلے میں انہیں پیش کش کی گئی کہ ان کے تصنیفی اور تحقیقاتی کام میں پی آر سی بھرپور تعاون کرے گی۔ اجلاس میں سعودی عرب میں پی آر سی کے کنوینیئر سید احسان الحق، سید مسرت خلیل، سید نصیراحمد، ابو ظبی میں سید امتیاز احمد، پاکستان سے ہمایوں ظفر اور دیگر نے شرکت کی۔