اوتھل،گورنمنٹ بوائز اسکول بریدہ کیمپ کی عمارت زبوں حالی کا شکار

418

اوتھل (این این آئی) گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول بریدہ کیمپ اسکول کی عمارت زبوں حالی کا شکار،کمروں کی چھت سے آئے روز بوسیدہ پلستر کے ٹکڑے گرنے لگے،طلبہ خوف کی حالت میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور،انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی،کوئی بڑا سانحہ رونما ہوسکتا ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر تعلیم فوری نوٹس لیں۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول بریدہ کیمپ وندر کی خستہ حالی کسی پرانے بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگی۔جبکہ علاقہ مکینوں اور اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول کی موجودہ عمارت اس قدر کمزور اور بوسیدہ ہوچکی ہے کہ آئے روز اچانک اسکول کے برآمدے اور کمروں کے چھتوں سے پلستر کے بڑے بڑے ٹکڑے گرنے لگتے ہیں جس کی وجہ سے اسکول میں زیرِ تعلیم طلبہ سمیت خود اساتذہ کرام بھی خوفزدہ ہیں اور ان کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں کیونکہ اس اسکول کی چھت سے کئی بار پلستر کے ٹکڑے گر چکے ہیں طلبہ و اساتذہ کی خوش قسمتی ہے کہ ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا مگر اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں کہ آئندہ بھی جانی نقصان نہیں ہوگا بلکہ لگتا تو یہی ہے کہ انتظامیہ اس انتظار میں ہے کہ کب اس اسکول سے کوئی بڑا سانحہ پیش آئے اور تب جاکر ہم اسکول کی مرمت کرائیں تاکہ میڈیا پر ہماری واہ واہ ہوجائے۔کیونکہ پچھلے کچھ عرصے سے اسکول انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ محکمے کے سربراہان کو اس اسکول کی حالت زار سے بار بار آگاہ کیا گیا ہے مگر اعلیٰ افسران اسکول آکر صرف فوٹو سیشن کرکے چلے جاتے ہیں اور دلاسوں و طفل تسلیاں دے کر مطمئین کرکے چلے جاتے ہیں لیکن اسکول کی مرمت تک نہیں کی جاتی۔علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیر تعلیم بلوچستان یار محمد رند سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اسکول کی جلد از جلد مرمت کی جائے تاکہ ہمارے معصوم بچے اور ان کو پڑھانے والے اساتذہ کرام محفوظ رہیں اور اسکول میں بلا خوف و خطر اور احسن طریقے سے درس و تدریس و تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔