ورثہ قرار دی گئی عمارتوں کے لیے فنڈ قائم کیاجائے گا، ممتاز علی شاہ

296

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ثقافت کی ثقافت و ہریٹیج ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبے کا ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے مختلف مقامات کی دیکھ بھال اور بحالی کے حوالے سے اہم ایجنڈا پیش کیا گیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری کی جانب سے ہدایات دی گئیں کہ ہیریٹیج قرار دی گئی عمارتوں کی مرمت اور بحالی کے لیے اینڈومینٹ فنڈا بنایا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیریٹیج قرار دی جانے والی عمارتوں کے مالکان کو مرمت و بحالی کے سلسلے میں مدد دی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہیریٹیج عمارتوں کے اصل حسن کو بحال رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری ثقافت اکبر لغاری، کمیٹی ممبران حمید ہارون، ڈاکٹر کلیم لاشاری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہومی کترک بلڈنگ کے اوپر تبدیلی و توسیع منصوبے کی اجازت کی درخواست کے حوالے سے ایجنڈا پیش کیا گیا، جسے ایڈوائزری کمیٹی نے مجوزہ پلان میں مزید بہتری لانے کے بعد آئندہ اجلاس معاملہ ٹیکنیکل کمیٹی کے حوالے کردیا۔کمیٹی کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سول لائنز کوارٹرز کراچی میں بننے والی نئی عمارتوں کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ ہیریٹیج قرار دی گئیں عمارتوں کی حفاظت کا خیال رکھیں گے۔اجلاس میں ملاکا بلڈنگ کے حوالے سے ریکارڈ میں درستگی کے ایجنڈا کو منظور کیا گیا۔