صحت سہولیات میں بہتری کے لیے معا لجین کی تربیتی نشست

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ آف کلینیکل گورننس اینڈ ٹریننگ سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن (ایس ایچ سی سی)کے زیر اہتمام ڈاکٹرز اور حکیموں کیلیے صحت کی سہولیات میں بہتری کیلیے تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ تربیتی پروگرام میں 29 اسپتالوں کے 33نمائندوں نے شرکت کی ۔ جبکہ 32حکیموں کو طب یونانی کے کم از کم معیارات کی بنیاد پر بھی تربیت دی گئی۔ اس موقع پر شرکا میں کورونا، انجکشن پروٹوکول اور طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے کے حوالے تربیت مٹریل بھی فراہم کیا گیا ۔ دوسری تربیتی نشست میں کراچی کے ضلع جنوبی اور ضلع شرقی کے 37جنرل ڈاکٹرز نے شرکت کی ۔ مزید برآں ڈائریکٹوریٹ آف شکایات نے الطبری اسپتال میمن گوٹھ میں کمپلینٹ ڈسک قائم کردیا ۔ ٹیم نے الطبری اسپتال کے خلاف شکایت کی وصولی کے بعد ہوم کیئر نرسنگ کا معائنہ بھی کیا۔ انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کے تحت جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور مختلف کاروائیوں میں 47مزید کلینکس کو سیل کردیا گیا۔ ٹیموں نے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کراچی کے ضلع کورنگی، ضلع وسطی، ضلع غربی، حیدرآباد، جامشورو، نواب شاہ ، نوشہروفیروز ، بدین، ٹنڈو اللہ یار، عمر کوٹ ، شکار پور اور کشمور کے 183کلینکس کا دورہ کیا اور 47 اتائیوں کے کلینکس کو موقع پر سیل کردیا۔ سندھ میں اب تک 4421اتائیوں کے کلینکس کو سیل کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ آف لائسنسنگ اینڈ ایکریڈیشن نے اب تک سندھ کے 310 اسپتالوں کے طبی عملے ڈیٹا جمع کیا ہے ۔ یہ ڈیٹا کورونا ویکسی نیشن کیلیے این سی او سی کی ہدایت پر اکٹھا کیا جارہا ہے۔