استحکام کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،شیخ الجامعہ

143

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ بروقت فیصلے اور بہتر منصوبہ سازی ہی استحکام کے ضامن ہیں،کسی بھی ملک کی معیشت کا زیادہ تر انحصاراس کی برآمدات پر ہوتا ہے اور اس کے لیے صنعتوں کا مستحکم ہونا ناگزیر ہے۔کسی بھی شعبہ میں استحکام کے بغیر ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول جامعہ کراچی کے زیراہتمام منعقدہ پہلی دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ’’کا رپوریٹ کا استحکام‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جامعات تدریس وتحقیق کے ساتھ ساتھ معاشرتی مسائل کی نشاندہی اور اس کے حل میں کلیدی کردار اداکرتی ہیں اور جامعہ کراچی اس حوالے سے اپنا کردار اداکررہی ہے۔کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر امسال جامعہ کراچی میں اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ سے 650 طلبہ کو اسکالرشب فراہم کیے گئے ۔مذکورہ اسکالر شپ ایسے طلبہ کو دیے گئے جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ اور سیمسٹر فیس دینے سے قاصر تھے۔کانفرنس سے مشیر وزیر اعلیٰ سندھ وترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کیا۔