پیپلزپارٹی نے سندھ کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، ایازلطیف پلیجو

126

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے کئی بار حکومت ملنے کے باوجود سندھ کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔شہروں کو کچرے کا ڈھیر اور گوٹھوں کو برباد کردیا تمام سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہےں۔ انہوںنے کہاکہ بادشاہت طرز حکمرانی نے کروڑوں عوام کو بنیادی سہولیات سے بھی محروم کردیاہے، صوبے میں پینے کا پانی میسرہے نہ ہی معیاری اسکول، بیماری کی صورت میں وزراو اراکین اسمبلی تو باہر جاکر علاج کروالیتے ہیں اور غریبوں کو کوئی سہولت میسر نہیں، لوگ مہنگائی کی وجہ سے خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ پاکستان سے کم وسائل رکھنے والے ممالک بھی ہم سے زیادہ ترقی کرچکے ہیں ، ہمارا ملک اور سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اس کے باوجود بدحالی سندھ کے عوام کا مقدر بن گئی ہے کیونکہ حکمران چور ہیں۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کوقابو کرکے عوام دوست معاشی پالیسی مرتب کی جائے ، گیس، پیٹرول، بجلی سمیت اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں فوری کمی لائی جائے اور ملک کی رقم لوٹنے والوںکا کڑا احتساب کیا جائے ۔