“ملک بھر میں 11 فروری سے استحکام خاندان مہم چلائیں گے”

263

لاہور:امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا نظریاتی تشخص خطرے میں ہے۔ معاشرے کی بنیادی اکائی “خاندان” کو تباہ کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ جماعت اسلامی 11 فروری سے 11 مارچ تک پورے ملک میں بھر پور طریقے سے ” استحکام خاندان “مہم چلائے گی۔

 تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ خواتین کو وراثت میں حق ملناچاہیے ۔ جہیز کی لعنت سے چھٹکارا چاہتے ہیں ۔ ریاست خواتین کو ورک پلیس پر تحفظ فراہم کرنے کے قوانین کا اطلاق کروائے ۔ جماعت اسلامی 14 فروری کو ملک بھر میں یوم حیا منائے گی ۔ ویلنٹائن ڈے کا کلچر اسلامی تہذیب و تمدن پر حملہ ہے، نوجوان نسل اس کا بائیکاٹ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران نے بھی پریس کانفرنس میں شرکت کی ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عصمت فروشی اور فحش لٹریچر کے ذریعے پاکستان کی نظریاتی اساس پر یلغار کی جارہی ہے جس کے سدباب کے لیے جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے ایک ماہ کے لیے ملک بھر میں ریلیاں اور کانفرنسز منعقد کرکے خواتین کے تحفظ اور خاندانی نظام کے استحکام کے لیے مہم کا آغاز کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ 14 فروری کو یوم حیا منایا جائے گا اسی طرح 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھی عورت کو قرآن و سنت اور آئین پاکستان کی روشنی میں حقوق دینے کے مطالبہ کے ساتھ ر یلیاں نکالی جائیں گی جس میں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ قرآن سے شادی ، ونی جیسی فرسودہ رسومات پر مکمل پابندی ہونی چاہیے ۔گھریلو تشدد کا شکار خواتین کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ بچیوں کی تعلیم کو لازمی قرار دیا جائے ۔ ریاست اس کا بندوبست کرے ۔ آئین کے آرٹیکل 35 اور 37G پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ خواتین کو تحفظ فراہم کیے بغیر خاندان کا استحکام ممکن نہیں ۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی کے ہاتھوں پاکستان کا ہر مرد اور عورت پریشان ہے ۔ حکومت خواتین کو بلاسود قرضے دے اور نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے ۔ آنے والے دنوں میں بہاولپور ، ملتان ، فیصل آباد ، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے ۔