پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف، رضوان کی شاندار سینچری

705

لاہور: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں رضوان کی شاندار سینچری کی بدولت جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا ہے۔

لاہور کےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا،قومی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولےرن آؤٹ ہوگئے۔

بابر کے بعد قومی ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو کہ 37 کے مجموعی اسکور پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں  فیلکوایو نے آؤٹ کیا۔ نئے آنے والے بلے باز حسین طلعت بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹہر سکے اور 69 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنا کر  تبریز شمسی کا شکار ہوگئے۔

دوسری جانب محمد رضوان نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے،پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو کہ صرف 4 رنز بنا کر  فورٹیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، خوشدل شاہ  اور فہم اشرف بھی زیادہ دیر رضوان کا ساتھ نہ دے سکے اور جلد ہی  پویلین لوٹ گئے۔

اس دوران وکٹ کیپر بلے باز رضوان نے ذمہ داری سے اننگز جاری رکھتے ہوئے7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے اپنی پہلی ٹوئنٹی سنچری مکمل کی، وہ احمد شہزادکے بعد تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں۔رضوان نے 64 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے  فیلکوایو نے 2، اور  فورٹیون،تبریز شمسی اور لوتھو نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔