سندھ میں کورونا ویکسین بااثر افراد کو لگائی جانے لگی، این سی او سی کا نوٹس

396

کراچی: سندھ  میں کورونا ویکسی نیشن مہم بھی سیاسی ہوگئی،محکمہ صحت سندھ ہیلتھ کیئر اسٹاف کو لگنے والی کورونا ویکسن سیاسی سفارش پر بااثر افراد کودینے لگا، جس کا نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول (این سی او سی) نے نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس اوپیز کےتحت ابتدائی طور پرکورونا ویکسین صرف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو دی جانی ہے،تاہم ڈاؤیونیورسٹی اوجھا کیمپس میں دو طاقتور افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے،اطلاعات کے مطابق سابق گورنر محمد زبیرکی بیٹی اور ان کے داماد کو  کرونا ویکسین لگائی گئی ہے ،جبکہ دیگر کورونا سینٹرز سےبھی چند من پسند افراد کو ویکسین دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

من پسندوں کو کورونا ویکسین دینے کا معاملہ منظر عام پر آنے کےبعد محکمہ صحت سندھ کی پھرتیاں، محکمہ صحت سندھ نے ڈپٹی ڈسڑکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹرانیلا قریشی کو معطل کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کیلئےسینئر افسر فیاض عباسی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔ ترجمان وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کمیٹی تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔

دوسری جانب این سی او سی نے بااثر افراد کو ویکسین لگانے کا نوٹس لے لیا ہے، اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کراچی سے شکایت موصول ہوئی ہے کہ کرونا ویکسین ہیلتھ کیئر ورکرز کے علاوہ جان پہچان والوں کو لگائی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ آج این سی او سی کی ٹیم نے فیصل سلطان کی سربراہی میں سندھ حکومت کے نمائندوں سے میٹنگ کی ہے، جس میں سختی سے صرف ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگانے کی تاکید کی گئی ہے۔