فلسطین میں جنگی جرائم کے خلاف فیصلوں کا اختیار حاصل ہے، آئی سی سی

363

انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ فلسطین میں جنگی جرائم سے متعلق مقدمات کے فیصلوں کا اختیارحاصل ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی عدالت فوجداری یعنی انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے گزشتہ روز اکثریت سے فیصلہ کیا ہے کہ عدالت کا دائرہ کار 1967 سے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں یعنی مشرقی یروشلم اور غزہ سمیت مغربی کنارے تک پھیل گیا ہے۔

آئی سی سی کے فیصلے کو فلسطینی اتھارٹی نے تاریخی قرار دیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے عدالتی فیصلے کی شدید مذمت کی اور امریکہ نے بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ یہ ایک سیاسی ادارہ ہے نہ کہ عدالتی ادارہ ہے، عدالتی فیصلے نے جمہوری حکومتوں کے دہشت گردوں کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے حق کو پامال کیا گیا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی وزیراعظم نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کا فیصلہ انسانیت، سچ اور حق کی فتح ہے اور انٹرنیشنل کرمنل کورٹ فلسطینی قیدیوں اورغزہ میں یہودی بستیوں کی تعمیرسے متعلق جلد سماعت کرے۔