راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز کے جواب میں جنوبی افریقہ مشکلات کا شکار

293

راولپنڈی: پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 272رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور مہمان ٹیم نے 28 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لئے ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 145 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو فواد عالم اور بابر وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کے لیے دن کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور 77 رنز میں کسی اضافے کے بغیر ہی دن کی دوسری گیند پر اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے۔

ابھی پاکستان کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ چار رنز کے اضافے سے فواد عالم وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز بنائے۔ 149 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فہیم اشرف آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے۔ ایک مرتبہ پھر نوکیا نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 8 رنز بنانے والے محمد رضوان کو چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ سے فہیم اشرف نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی 8،8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم 272 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فہیم اشرف 12 چوکوں سے مزین 78 رنز کی اننگز کھیل ناقابل شکست رہے جبکہ پاکستان کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نوکیا نے 5 جبکہ کیشپ مہاراج نے تین اور  ویان ملڈر نے 1 وکٹ حاصل کی۔

جواب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو جلد ہی دو کامیابیاں مل گئیں۔ڈین ایلگر 15رنز کر آئوٹ ہوئے تو حسن علی نے اگلی ہی گیند پر وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی بولڈ کردیا۔ فاف ڈپلسی اس اننگز میں بھی ناکام رہے اور 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے جب کہ ایڈن مارکرم نعمان علی کو شارٹ مارنے کے چکر میں کیچ دے بیٹھے وہ 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے 28 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لئے ہیں جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مہمان ٹیم کو مزید 166 رنز درکار ہیں۔جنوبی افریقہ کے کپتان ڈی کوک 24 جبکہ تیمبا بوویما15رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں حسن علی نے 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔