پاک جنوبی افریقہ دوسرا ٹیسٹ ، سخت سیکورٹی انتظامات ، میٹر و سروس معطل ، کرفیو کا منظر

201

 

راولپنڈی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) کراچی کی طرح پنڈی کے عوام بھی سیکورٹی کے نام پر اذیت کا شکار ہوگئے‘ بغیر اطلاع پہلے صبح 9 بجے اور اس کے بعد 12 بجے دوپہر میٹرو سروس بند کردی گئی‘ سیکڑوں مسافر اپنی منزل پر پہنچنے سے قاصر رہے‘ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کل سے شروع ہونے والا 5 روزہ دوسرا ٹیسٹ میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلا جائے گا‘ گزشتہ روز پریکٹس کے دوسرے روز دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچیں اور بھرپور پریکٹس کی تاہم اس موقع پر سیکورٹی کو جواز بناکر انتظامیہ نے بغیر پیشگی اطلاع تمام راستے بند کرکے میٹرو بس سروس بھی معطل کردی جس سے طلبہ و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی معمول کے کاموں کی انجام دہی سے قاصر رہے۔ صرف راولپنڈی نہیں بلکہ اسلام آباد سے راولپنڈی کے لیے میٹرو سروس بھی بند کردی گئی جس پر شہریوں نے سخت احتجاج کیا ۔نمائندہ خصوصی جسارت
نے جب انتظامیہ اور سیکورٹی پر مامور اہلکاروں سے رابطہ کرکے صورتحال کے بارے میں آگہی چاہی تو وہ جواب دینے سے قاصر رہے تاہم کچھ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر میچ کے اختتام اور ٹیموں کی واپسی تک عوام کو اس قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔