گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین ناپید

359

لسبیلہ( نمائندہ جسارت)گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال حب کی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے،امان اللہ لاسی۔تفصیلات کے مطابق امان اللہ لاسی صدر پاکستان جاگو تحریک لسبیلہ و ترجمان لسبیلہ سول سوسائٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج جام کالونی حب میں 7 بچوں کو باولے کتوں نے کاٹا ہے جن کو فوری طور پر گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال حب لایا گیا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال حب کی انتظامیہ نے یہ کہہ کر ان بچوں کو گھر بھجوا دیا کہ ہمارے پاس کتے کے کاٹنے کی کوئی ویکسین نہیں ہے لیکن جب اسسٹنٹ کمشنر حب لیفٹیننٹ(ر) محمد احمد ظہیر کو پتا چلا تو وہ فوراً گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال پہنچے اور اسپتال کے انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال کے اسٹور کا تالا تڑوا کر وہاں سے ویکسین بر آمد کرکے ان زخمی بچوں کو فوراً گھر سے بلوا کر ان کو ویکسین لگوائیں یقیناً اسسٹنٹ کمشنر حب کی یہ کارروائی قابل تعریف ہے لیکن اسسٹنٹ کمشنر کب تک ان اداروں پر چھاپے مارتے رہیں گے ۔باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 6 جنوری کو اٹک سیمنٹ حب نے کافی مقدار میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین امداد کے طور پر دی تھی لیکن یہ ویکسین 22 دنوں میں کہاں غائب ہو گئیں گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال حب کی انتظامیہ کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں اور اپنے سفید کوٹ کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے ۔امان لاسی نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ،اسسٹنٹ کمشنر حب سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال حب کی فوراً تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے جس میں عوامی افراد کو بھی شامل کرکے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔