بلوچستان میں لوٹ مار زیادہ ،احتساب نہ ہونے کے برابرہے،مولانا عبدالحق

203

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ سابقہ و موجودہ حکمرانوں نے ملک کو لوٹ کرتباہ کردیا، ہرطرف لوٹ مار جاری ہے، احتساب کی سست روی کے باوجود بہت سے لٹیرے سامنے آئے ہیں مگر کسی سے رقم برآمد کی گئی نہ کسی کو سزا ملی۔ جماعت اسلامی لوٹ مار ،موروثیت، فرقہ واریت سے پاک، ملک گیر منظم عوامی خدمات سے سرشار پارٹی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ لٹیروں کو قرار واقعی سزا ملے اور ان سے قومی دولت برآمدکرکے عوام کی حالت بدلنے پر خرچ کیا جائے۔ بلوچستان میں لوٹ مار زیادہ جبکہ احتساب نہ ہونے کے برابر ہے۔ احتساب صرف سیاست دانوں کا نہیں ہر لٹیرے کا ہونا وقت کی اہم ضرورت اور ترقی وخوشحالی کیلیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں بحرانوں کے خاتمے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوئی ہے، کم آمدنی والے خاندانوں کی زندگی مہنگائی کی وجہ سے اجیرن بنادی گئی ہے۔ غرباء ومساکین پر علاج و تعلیم کے دروازے بند کیے گئے، غریبوں کو نہ انصاف مل رہا ہے اور نہ ہی روزگار اور تعلیم جس کی وجہ سے غرباء ومساکین جیتے جی مرے جارہے ہیں۔ حکمرانوں نے صرف وعدے کیے، کسی وعدے پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی توقعات ان حکمرانوں سے بھی ختم ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب موجودہ حکمرانوں میں بھی سابقہ لٹیرے مل گئے جو امیدیں ان حکمرانوں سے تھیں وہ بھی سابقہ لٹیرے ساتھ ملانے کی وجہ سے ختم ہوگئی۔ مافیاز، لٹیروں کو ساتھ ملاکر حکمرانوں نے عوامی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ دوسری جانب ہر وعدے کیخلاف کرکے عوامی مسائل و مشکلات اور پریشانیوں میں بدترین اضافہ کرکے موجودہ حکمرانوں نے بھی ناکامی، نااہلی کا ثبوت دے دیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر لٹیروں سے قومی دولت برآمد کرکے عوام کی حالت بدلنے پر خرچ کرے گی اور لٹیروں کو قرار واقعی سزا دے گی۔ جن جماعتوں میں جمہوریت نہیں، انصاف اور عدل نہیں وہ قوم کو کیا جمہوریت اور کونسا انصاف دے گی۔ جماعت اسلامی ہی حقیقی جمہوری دینی پارٹی ہے، جس نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی ہر مصیبت و پریشانی میں بھرپور خدمت کی۔