بھارت کی آبی جارحیت قابل مذمت ہے ،جاوید قصوری

198

لاہور (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر متنازعہ منصوبے جاری رکھنے کا اعلان قابل مذمت ہے۔ بھارت سندھ طا س معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پکل دل، رتل اور لوئر کلنائی جیسے منصوبوں سے پاکستان کے حصے کا پانی کم ہوجائے گا۔ جس سے ہزاروں ایکڑ زمین متاثر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آبی جارحیت سے لے کر بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات تک بے نقاب ہوچکا ہے۔ عالمی میڈیا اور انٹرنیشنل ادارے بر ملا اظہار کرچکے ہیںکہ مودی سرکار پاکستان مخالف دشمنی میں بالکل اندھی ہوچکی ہے اور مختلف حیلوں بہانوں سے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان مودی حکومت کی چالبازیوں اور دہشت گردی کو منظم انداز میں دنیا کے سامنے اٹھائے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت کی طرف سے5فروری کو محض چھٹی کا اعلان کردینا اور رسمی احتجاج کرنا کافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5فروری یوم یکجہتی کے حوالے سے جماعت اسلامی بھر پور انداز میں سرگرم ہوچکی ہے۔ اور اس دن کی مناسبت سے لاہور سمیت پورے ملک میں نہتے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جس میںعوام کا جم غفیر شریک ہو گا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ امریکا کی نئی انتظامیہ نے کشمیریوں اور روہنگیا کے مسلمانوں کو تنہا نہ چھوڑنے کا وعدہ کیا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ فلسطین، برما اور مقبوضہ کشمیر سمیت جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم و ستم ہورہا ہے اس کو روکا جائے۔ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ رویہ ختم ہونا چاہیے تاکہ دنیا میں امن قائم ہوسکے۔عمرکوٹ،2018ء کے