لاپتا افراد کیس، سیکرٹری داخلہ سندھ سے رپورٹ طلب

280

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے محمد یاسین عرف دانش سمیت دیگر لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر صوبائی سیکرٹری داخلہ سے لاپتا افراد کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ تفتیشی افسران کو بھی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔منگل کو جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے ہر سماعت پر فوکل پرسن محکمہ داخلہ سندھ کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ سماعت کے موقع پر صوبائی سیکرٹری داخلہ و دیگر حکام بھی موجود تھے۔ سماعت کے دوران عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لاپتا افراد کی درخواستوں میں فوکل پرسن پیش نہیں ہوتا، لوگ دھکے کھا رہے ہیں لیکن حکومت کو کوئی خیال نہیں،اب ہم ایسا نہیں چلنے دینگے۔ دوران سماعت عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے استفسار کیا کہ آپ نے ابھی تک کیا کارروائی کی ہے؟ جس پر صوبائی سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔سماعت کے موقع پر لاپتا محمد یاسین عرف دانش کی والدہ نے عدالت کو بتایا کہ ان کا بیٹا محمد یاسین عرف دانش 2016ء سے لاپتا ہے اور 5سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود اس کے بیٹے کا کچھ اتا پتا نہیں ہے۔ بعد ازاں عدالت نے صوبائی سیکرٹری داخلہ سے لاپتا افراد کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔