مسلم آبادی میں شراب کی کھلے عام فروخت لمحہ فکرہے،فضل احد

223

کراچی (پ ر)ماڑی پور مین ہاکس بے روڈ پرمسلم آبادی میں کھلے عام شراب کی فروخت،ساحلی پٹی پر سیر و تفریح کے لیے آنے والی فیملیز کو شدید پریشانی کا سامناجبکہ اہل علاقہ بھی شراب کی فروخت سے پریشان ہیں۔امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احدنے علاقہ میںشراب کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم آبادی والے علاقے میں شراب کی کھلے عام فروخت لمحہ فکرہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں شراب پرمٹ کی آڑمیں کرپٹ افسران مال بنا رہے ہیں۔اقلیتی برادری کے نام پورے شہر میں شراب خانے سر عام چلائے جارہے ہیں۔جماعت اسلامی کے ذمے داران،علما اور عوام کی جانب سے متعدد بار ڈی جی ایکسائز سمیت متعلقہ افسران کو شکایات جمع کرائی گئی ہیں لیکن حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔شراب کی فروخت ،شراب نوشی اور غیرمتعلقہ افراد کی علاقہ میں آمد کسی بھی وقت نقص امن کا مسئلہ بن سکتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ماڑی پور سمیت ضلع کیماڑی کی مسلم آبادیوں میں قائم شراب خانوں کو بند کرے اور آئندہ مسلم آبادیوں کے لیے شراب خانوں کے لائسنس جاری کرنے سے دریغ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شراب اور منشیات فروشی کے ذریعے ایک بار پھر جرائم پیشہ علاقے میں منظم ہورہے ہیں جن کا بروقت قلع قمع کرنا ضروری ہے۔