اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشکوک گاڑی سے بھاری مقدار میں خودکار اسلحہ برآمد

310

اسلام آباد نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران مشکوک گاڑی سے بھاری مقدار میں خودکار اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں جبکہ اے ایس ایف نے ملزمان حمزہ اور شفقت کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی کار پارکنگ چیک پوسٹ پر معمول کے مطابق سرچنگ کی جارہی تھی کہ ایک گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا جبکہ اے ایس ایف نے گاڑی میں سوار 2 افراد کو فورا حراست میں لے کر خودکار اسلحہ اپنی تحویل میں لے لیا۔

اے ایس ایف ترجمان کے مطابق گاڑی سے برآمد ہونے والے اسلحے میں 1 ایس ایم جی اور اس کی 57 گولیاں، 5 میگزین ،ایک شارٹ گن اور 6 کارتوس شامل ہیں جبکہ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت حمزہ افتخار اور شفقت علی کے نام سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش پر ملزمان نے موقف پیش کیا ہے کہ گاڑی سے ملنے والے اسلحہ لائسنس یافتہ ہے تاہم ملزمان ابتدائی تحقیقات میں لائسنس پیش نہیں کرسکے جبکہ اے ایس ایف نے ملزمان حمزہ اور شفقت کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ہے اور خودکاراسلحہ اپنی تحویل میں لے لیا۔