نااہل حکمران بغض نواز شریف میں اندھے ہوگئے‘ن لیگ سندھ

222

کراچی(نمائندہ جسارت)ن لیگ سندھ کے صدر سید شاہ محمدشاہ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کھوکھر پیلس کے اطراف تعمیرات کو مسمار کرنے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ،نااہل اور نالائق حکمران بغض نواز شریف میں اندھے ہوگئے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک مذمتی بیان میں
کیا۔ لیگی رہنماؤں نے کہا کہ کھوکھر برادران کو وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کی سزادی گئی ہے، حکم امتناع کے باوجود انتقامی کارروائی توہین عدالت اور قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی، نالائقی و کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، ریاست مدینہ کے داعی نے پہلے تو غریبوں کے گھر مسمار کیے اور اپنا ناجائز محل قانونی کرا لیا۔غریب کا پاکستان اور ریاست مدینہ کے داعی کا پاکستان اور ہے، مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔ حکومت مہنگائی، بیروزگاری پر قابو پانے کے بجائے عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔