گلشن جمال میں تجاوزات کی بھر مار پر جماعت اسلامی شرقی کی تشویش

538

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع شرقی کی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سید قطب احمد نے گلشن جمال میں بڑے پیمانے پر تجاوزات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو فیصل کینٹ سے پتھارا مافیا کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں سید قطب احمد نے کہا کہ گلشن جمال کے داخلی راستوں پر پتھاروں اور چائے کے ہوٹلوں کی جانب سے قائم تجاوزات کے باعث شہریوں کا داخلہ ناممکن ہو گیا ہے۔ سبزی فروٹ اور گوشت کے دکانداروں نے دکانیں آگے بڑھا لی ہیں جبکہ ہوٹل والوں نے کرسیاں فٹ پاتھ پر بچھادیں۔ گاہک سڑک پر موٹر سائیکل کھڑی کرتے ہیں اور فٹ پاتھ پر رکھی کرسیوں پر بیٹھ کر چائے پیتے ہیں جس کی وجہ سے راہ گیر سڑک کے درمیان چلنے پر مجبور ہیں۔ بعض مقامات پر تو کرسیاں سڑک پر ہی رکھ دی گئی ہیں۔ پانی کی ٹنکی کے سامنے چوراہا تو مکمل تجاوزات کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ سید قطب احمد نے الزام لگایا کہ جن سرکاری اہلکاروں کا کام تجاوزات کا خاتمہ ہے وہ بھتا لیکر خاموش ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے فیصل کینٹ کے سی ای او سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیکر گلشن جمال میں تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کریں۔