ـ24 ارب روپے کی سرکاری زمین واگزار کرانے کیلیے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت

224

کراچی(صباح نیوز)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ بلا امتیاز بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ 24 ارب روپے سے زائد مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرانے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے آرکائیوز کے میڈیا سیل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کے خلاف 5 ،بورڈ آف ریونیو کے خلاف 64، صحت کے 2, ورکس اینڈ سروسز کے 2، اور کوآپریشن ڈپارٹمنٹ کے خلاف 2 مقدمات درج کیے ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید بتایا کہ قانون کے مطابق ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں۔لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کے خلاف دو ایف آئی آرز کی منظوری دی گئی۔ ان میں سے ایک کیس تقریبا ً11,837,034 روپے کی خورد برد سے متعلق ہے جبکہ دوسرے کیسز میں ملزمان نے کے ڈی اے کے افسران کی ملی بھگت سے قبرستان کی 600 گز پر قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور کیس میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس کیس میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے سرکاری زمین دیہہ کالو کوہار تھانہ بولا خان کی 195.10 ایکڑ زمین جعلی کاغذات کے ذریعے ہڑپ کرلی اور قومی خزانے کو 1.95 ارب روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ کمیٹی نے دو اوپن انکوائری کی بھی منظوری دی۔ جسکے مطابق دیہہ سونگال کی 16 ایکڑ زمین اور اسکیم 33 کی پرائم لوکیشن 40 ایکڑ زمین لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ اور اسٹنٹ کمشنر، مختار کار ریونیو اور دیگر کی مدد سے نجی افراد کو الاٹ کرکے قومی خزانے کو 5.6 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔