عراق: شدت پسند تنظیم داعش پھر سر اٹھانے لگی

353

الفتح الائنس کے سربراہ ہادی العامری نے خبردار کیا ہے کہ عراق میں دہشتگرد تنظیم پھر سر اٹھانے لگی ہے۔

غیر ملکی نیوز ادارے بغداد الیوم کے مطابق عراق کی پارلیمنٹ میں ہادی العامری نے عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے دس جوانوں کی ہلاکت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ داعش ملک میں پھر سرگرم ہورہی ہے۔

انہوں نے فورس کے جوانوں کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبے صلاح الدین میں دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر کے عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔ دہشت گردوں نے عراق میں پھر سر اٹھانے کی کوشش کی ہے اور عراق کے ایک علاقے کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش کی شکست کے باوجود اس گروہ کے کچھ عناصر عراق کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو وقتاً فوقتاً دہشت گردانہ حملے کر کے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔