سرینگر(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اوربزرگ کشمیر ی رہنماسید علی گیلانی نے 26 جنوری بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے بل پر دوسری قوم پر مسلط ہو کر ظلم و بربریت کے ذریعے اپنا قبضہ جمائے رکھنا جمہوریت نہیں بلکہ فاشزم کا بدترین مظاہرہ ہے،ٹوئٹر پر
جاری بیا ن میں سید علی گیلانی نے کہا کہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے طور پر منا کر بھارت ہر سال دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتا ہے کہ وہ آئینی حقوق کی پاسداری کرنے والا اور آئین کی حکمرانی میں یقین رکھنے والا ایک سنجیدہ ملک ہے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔بھارت نے جس بے رحمی اور بے شرمی کے ساتھ اپنے عوام اور دوسروں کے نہ صرف آئینی بلکہ بنیادی انسانی حقوق تک پرشب خون مارنے کا جو لامتناہی سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اس کو دیکھتے ہوئے یوم جمہوریہ کے بجائے یوم عارمنانا بھارت کے لیے زیادہ مناسب ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں اور عوام کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کو اسی حقیقت کا احساس دلانے کے لیے ہم کشمیری ہر سال 26 جنوری کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں ۔