حیدرآباد:مہنگائی اور گیس بحران کیخلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے

209

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر) کمر توڑ مہنگائی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت مختلف مقامات احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مسجدقباء ہیر آباد پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحیدقریشی ، لطیف آباد نمبر8مبارک مسجد پر ضلعی امیر عقیل احمد خان ، جماعت اسلامی زون شمالی کے امیر اقبال قریشی، سبزی منڈی چوک پر ڈاکٹر سیف الرحمن ، حالی روڈ پر اسحاق خان ، جامع مسجد پھلیلی پرضلعی نائب امیر عبدالقیوم شیخ، پھلیلی میں زون کے امیر عدنان دانش ، اسلام آباد چوک پر سابق ضلعی امیر مشاق احمد خان، زون آفندی کے امیر عامر فاروق ، زون بی کے امیر ناصر علی کاظمی اور زون کوہسار کے امیر محمد یحییٰ شیخ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ ہیر آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی نے کہا کہ مہنگائی سے سب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہوا ہے اورعوام سے جینے کا حق بھی چھینا جارہاہے۔ ہر چیز کے مہنگے ہونے پر عوام کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے۔ حکمران طبقے کی آپسی نورا کشتی کی آڑ میں غریب محنت کش عوام پر اربوں روپے سے بھی زیادہ کا ٹیکس لگایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گیس نہ ہونے سے عوام مشکلات میں مبتلا ہے، گیس کی بندش سے گھریلو صارفین کے چولہے سرد پڑ گئے، ہانڈی روٹی کی تیاری بھی مسئلہ بن گئی، جبکہ علی الصبح گیس نہ ہونے سے ملازمت پیشہ طبقہ بغیر ناشتے کے گھروں سے جانے پر مجبور ہے شدید سردی میں گیس ہیٹر نہ جلنے سے بچے بوڑھے اور مریض سردی سے ٹھٹھرنے لگے ہیں ، گیس نہ آنے سے مساجد میں لوگ شدید سردی میں ٹھنڈے پانی سے وضو کرنے پر مجبور ہیں۔ گیس پریشر کا مسئلہ کئی ماہ سے حل طلب ہے لیکن کوئی مسئلہ حل نہ ہوسکا، موسم سرد ہونے کے باوجود حیسکو کی طر ف سے بھی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا۔بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے کاروباری طبقہ بھی بہت پریشان ہے موسم سرما میں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے، بجلی،گیس کی بندش سے شہری آبادی کے مسائل میں اضافہ ہوگیا،جبکہ ممبران اسمبلی نے ان مسائل پر شہریوں کو تنہاچھوڑ کر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انھوںنے مطالبہ کیا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے، حکومت مہنگائی کا خاتمہ کرے اور عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔ احتجاجی مظاہرے سے نائب امراء جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن اور عبدالیقوم شیخ نے بھی خطاب کیا۔