اسٹیٹ بینک کا شرح سود 7فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

464

 اسٹیٹ بینک کے گورنر رضاباقر کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود 7فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،آگے بھی شرح سود بڑھنے کا امکان نہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاشی حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں،مہنگائی کی شرح 7سے 9فیصد رہنے کا امکان ہے،بجلی کے نرخ بڑھنے سے مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

رضا باقر کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول و دیگر قیمتوں کا بڑھنا عارضی ہے اس لئے مانیٹری کمیٹی نے شرح سود میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈاکٹر رضا باقر نے مزید کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ پہلے 19بلین ڈالرز کا تھا جبکہ اب کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں ہے، کرنٹ اکائونٹ میں بہتری آنا ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ ریٹ پر لانے سے ہوا ہے، کورونا وباء کے باوجود پاکستان کی دوسری ابھرتی معیشتوں کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم رہی ہے۔