حافظ نعیم کی قیادت میں وفد کی ڈی جی نادرا سے ملاقات

159

کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے وفد نے ڈی جی نادرا میر عجم خان درانی سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران شناختی کارڈ کے حصول میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے ’’قومی شناختی کارڈ کے حصول میں حائل رکاوٹیں ‘‘ کے عنوان سے ڈی جی نادرا کو یادداشت پیش کی۔ جس میں مختلف زبانیں بولنے والوں کے ساتھ نادرا میگا سینٹر اور NRCپر غیر متعلقہ سوالات ، نامناسب انداز گفتگو اور رویے کے حوالے سے توجہ دلائی گئی ۔ میر عجم خان درانی نے جماعت اسلامی کراچی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر عمل کیا جائے گا ۔ ملاقات میں پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ،نادرا سیل کے انچارج طاہر امیر الحسن ، سیکرٹری اطلاعات فائق احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں شناختی کارڈ کے دفاتر میں اژدحام کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ومشکلا ت کا سامنا ہے ،بلاک کیے گئے شناختی کارڈ کے حوالے سے مشکلات کو دور کیا جائے اورشہر میں چھوٹے نادرا کے دفاتر کھولے جائیں تاکہ شہری باآسانی شناختی کارڈ بنواسکیں۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری کے حوالے سے شہر میں ایک مرکزی نظام ہونا چاہیے جس سے معلوم کیا جاسکے کہ کس ضلعے کی آبادی کتنی ہے لیکن معلومات کے مطابق مردم شماری کے حوالے سے نادرا کو الگ کیا گیا ہے جو قابل تشویش ہے ۔