بھبنسور: بیٹی کو مارنے والی58 سالہ ماں گرفتار

794

بھبنسور: بھارتی ریاست اوڈیشہ میں ایک 58 سالہ خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے کرائے کے قاتلوں کی مدد سے اپنی بیٹی کو قتل کر وایا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا  کے مطابق بھارتی ریاست اوڈیشہ میں 58 سالہ خاتون نے پرامود جینا نامی شخص اور اس کے ساتھیوں کو بیٹی کو قتل کرنے کے لیے 50 ہزار انڈین روپے ادا کیے تھے جس پر پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ  پولیس اہلکار پرویش پال نے بتایا کہ پرامود جینا کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ خاتون کی بیٹی مبینہ طور پر شراب کی فروخت کے کاروبار میں ملوث تھی جو دونوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ تھی۔

رپورٹ کے مطابق دوسرے پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ خاتون نے اپنی بیٹی کو یہ کاروبار بند کرنے کا کہا لیکن اس نے بات نہیں مانی جس کے بعد خاتون نے کرائے کے قاتلوں کو 50 ہزار بھارتی روپے دیے اور بیٹی کو قتل کروا دیا۔

تفتیشی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ خاتون نے قاتلوں کو آٹھ ہزار روپے بطور ایڈوانس ادا کیے تھے جبکہ بقیہ کام ہونے کے بعد ادا کرنے تھے۔

واضح رہے پولیس رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کی بیٹی کو 12 جنوری کو پتھروں اور دیگر اشیا سے قتل کیا گیا جبکہ اس کی لاش کو گاؤں کے باہر ایک پُل کے نیچے سے برآمد کیا گیا ہے۔