ملکی معیشت بہتر، اپوزیشن کی معاشی حالت ابتر ہے، مسرت چیمہ

225

لاہور (آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اللہ کے کرم اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی سے پاکستان کہی معیشت بہتر ہوئی ہے لیکن اپوزیشن کی معاشی حالت ضرور بحران کا شکار ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود پاکستان معاشی طور پر مثبت سمت میں گامزن ہوچکا ہے اور معیشت کے مثبت اشاریے منفی پروپیگنڈا کرنے والی اپوزیشن کے منہ پر طمانچہ ہے، مہنگائی کی شرح میں بھی بتدریج کمی ہو رہی ہے جس کا ثبوت دسمبر 2019ء کی 12.6 فیصد کے مقابلے دسمبر 2020ء میں شرح کا 7.9 فیصد کی سطح پر آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2020ء میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کی نسبت ٹیکس وصولی میں 5 فیصد اضافہ ہوا اور مختلف شعبوںکو ریلیف کے باوجود ٹیکس وصولی 469 سے بڑھ کر 508 ارب رہی، لارج اسکیل مینو فیکچرنگ کی گروتھ میں 5.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ پاکستانیوں کیجانب سے قانونی طریقے سے ترسیلات زر بھجوانے میں اضافہ ہوا، کرنٹ اکائونٹ خسارے میں ریکارڈ 193 فیصد کمی ہوئی جو آج سر پلس میںہے، 3 سال میں فاریکس ریزرو بھی 7.7 فیصد اضافے سے بلند ترین سطح پر رہے۔