تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں، فیصلہ آج متوقع ہے

521

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث بند کیے گئے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے یا نہیں اس سے متعلق فیصلہ آج کیا متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اجلاس میں کورونا وائرس کے ملک میں پھیلاؤ اور اسکول کھولنے سے متعلق صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق وفاقی وزیرِ تعلم شفقت محمود کی زیرِصدارت صوبائی وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اجلاس میں اسکول کھولنے سے متعلق صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ  شفقت محمود کا اس سلسلے میں کہنا تھاکہ تعلیم کو جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر کیا جائے گا، طلبہ کی بہبود ہمیشہ اولین ترجیح ہو گی۔

یاد رہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاون خصوصی ڈاکٹر سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ 18 جنوری کو نویں، دسویں ، گیارہویں اور بارہویں کے تعلیمی ادارے کھل جائیں  گے جبکہ پہلی سے 8 ویں تک تعلیمی ادارے 25 جنوری سے کھولے جائیں گے اور   یکم فروری سے یونیورسٹیز میں تدریس کا عمل شروع ہوگا اور  بورڈ کے امتحانات مئی اور جون میں ہوں گے۔

خیال رہے تعلیمی ادارے کورونا کے باعث نومبر میں بند کیے گئے تھے اور دسمبر کے آخری ہفتے سے 10 جنوری 2021 تک تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث کورونا کیسز اور اس سے اموات میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آگیا۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 417 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 45 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 ہزار 72 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 863 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہو چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار 359 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 72 لاکھ 84 ہزار 9 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 169 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 294 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 69 ہزار 306 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔