افغان ڈکیت گروہ کے 2 کارندوں سمیت 22 ملزمان گرفتار

450

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاک کالونی پولیس نے پراناگولیمارمیں فائرنگ کے واقعے میںزخمی 24سالہ شیراز کو گرفتار کرلیا ، شیراز لیاری گینگ وارکاکارندہ ہے،جو21مقدمات میں پولیس کا انتہائی مطلوب تھا،زخمی شیراز لیاری گینگ وارکے اہم کردارساجد ماجدکابھانجابھی ہے، ساجد دبئی سے گینگ وارکانیٹ ورک چلارہاہے۔ساجد ماجد کے مخالف گروہ جمیل چھانگاکے کارندوں نے پرانا گولیمارمیں فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں شیراز اور8سالہ یوسف اس کی کمسن بہن خدیجہ بھی زخمی ہوئی، پولیس جمیل چھانگاکے کارندوں کو بھی تلاش کررہی ہے۔ادھر اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے نے افغانی ڈکیت گینگ کے دو کارندوں عبدالسلام اور عبدالولی کوگرفتارکرکے دستی بم،دو پستول اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی،پولیس کے مطابق گروپ کا سرغنہ احمد زئی عرف نانے ہیں جبکہ اس گینگ کے دوکارندے شاہدین عرف ملنگی اور عبداللہ عرف طور پہلے ہی گرفتارہوچکے ہیں۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کیما ڑی، ملیراور جمشید ڈویثرن نے 10 موٹرسائیکل لفٹرز کو گرفتارکرکے چوری شدہ 5 موٹرسائیکلیں برآمد کرلی،ملزمان چوری کی موٹر سائیکلیں کھول کر پارٹس کی صورت میں اپنے خریداروں کو فروخت کرتے تھے۔ عیدگاہ پولیس نے موٹر سائیکل چورعمیراور3اسٹریٹ کریمنل مجیب ،محمد ادریس اور اسد، موچکو پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں ملوث ملزم شیر افضل کو گرفتار کرلیا۔علاوہ ازیںساؤتھ انوسٹی گیشن پولیس نے سی پی ایل سی اور جدید ٹیکنالوجی کی مددسے نارتھ ناظم آباد ضیا الدین اسپتال کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تین خواتین زاہدہ عرف ثمینہ زوجہ فیض ،شکیلہ عرف آسیہ زوجہ محمد اکرم اور شمیم عرف رانی زوجہ غلام مصطفی کو گرفتار کرکے قبضے سے کپڑے ،دستی گھڑیاں ،40ہزار روپے نقد،طلائی کڑے ،نیند کی گولیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیا ،پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے گزری کے علاقے میں گھروالوں کو مشروب میں نیندکی گولیاں ملا کر کھلا دیں ،جس پر گھر والے بیہوش ہوگئے اور ملزمہ نے اپنے ساتھیوں کی مددسے گھر کا صفایا کردیا ۔