بھتا خوری،بلیک میلنگ:نجی کمپنی کے 8 ملازم ایف آئی اے کے حوالے

229

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بھتا خوری، بلیک میلنگ کے کیس میں نجی کمپنی کے 8 ملازمین جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ سمیت ملک کی سا لمیت، بھتاخوری اور بلیک میلنگ کے کیس میں نجی کمپنی کے 8 ملازمین کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔عدالت نے کمپنی کو ڈی سیل کرنے اور ملزمان کو رہا کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی۔ ایف آئی اے حکام تمام عدالت میں پیش کیا، حکام نے ملزمان سے حاصل ملکی اور غیر ملکیوں سے فراڈ، بھتا خوری اور منی لانڈرنگ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے کمپنی کے مفرور مالک جنید منصور سمیت 2ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ فاضل جج عمران امام زیدی نے ریمارکس دیے کہ اگر کمپنی مالک بے گناہ ہوتا تو خود قانون کے سامنے پیش کرتا۔ ملک میں دہشتگردی کے تاثر کو ختم کرنا ہوگا ملک اس وقت گرے لسٹ میں موجود ہے یہ ملک کی سلامتی اور عزت کا مسئلہ ہے، خود اس کیس کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔دوسری طرف ملزمان کا کہنا تھا وہ بے قصور ہیں، منی لانڈرنگ کیا ہوتی ہے اس کا انہیں معلوم تک نہیں ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق چھاپے کے دوران کمپنی مالک جنید منصور پاس ورڈ ہیک کررہا تھا، جو فرار ہو گیا۔