کے ڈبلیو ایس بی ‘کوئی پرسان حال نہیں

416

شہر میں نکاسی آب کے حوالے سے معاملات کو حل کرنے کے لیے کے ڈبلیو ایس بی تیار نہیں، جوڑیا بازار میں گٹر کا پانی بہہ رہا ہے، جہانگیر روڈ کے دونوں جانب گٹر لائن بند ہے اور گندا اور غلیظ پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے، گٹر بھر گئے ہیں، اُبل رہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ محکمے کے سپرنٹنڈنٹ، انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئر اور ان کا ماتحت عملہ اپنے متعین علاقوں میں آتے ہی نہیں۔ ان کے دفاتر میں کوئی شکایات وصول کرنے والا ہی نہیں ہوتا۔ لہٰذا مسائل کا حل ان کے تصورات میں ہی نہیں۔ ان اعلیٰ افسران کی ذمے داری یہ ہے کہ بس وہ اپنے اعلیٰ اہلکاروں کو خوش رکھتے ہیں
کہ کہیں ان کے پاس پکڑ نہ ہوجائے۔ KWSB کے ذمے داران نے اپنے عملے کو زبانی طور پر کہہ دیا ہے کہ وہ کسی کو اپنے ادارے کا نمبر نہ دیں تا کہ کوئی شخص ان کے ساتھ مسائل کے حوالے سے رسائی ہی نہیں کرسکے۔ شہر کے متعدد علاقوں میں سیوریج کا پانی کھڑا ہے، لائنیں چوک ہوچکی ہیں لیکن KWSB کا نیٹ ورک پانی کی عدم فراہمی کے باوجود شہریوں سے بلوں کی بزور طاقت وصولی اور سیوریج لائن کو مزید بند رکھ کر لوگوں کو اذیت پہنچانے کے مشغلے میں مصروف ہے۔ اس ادارے میں ہزاروں افراد روزگار پر مامور ہیں لیکن ان لوگوں کو اپنی ذمے داریوں کی ادائیگی کے بارے میں کوئی احساس نہیں ہے۔
صغیر علی صدیقی، کراچی