آرمی چیف کی سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات

632

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے ساںحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے ہزارہ برادری کے افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے کوئٹہ کا دورہ کیا ہے، آرمی چیف کو سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، انہیں بلوچستان میں سیکیورٹی چیلنجز سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے ایران اور افغان سرحد پر نظم و نسق میں بہتری کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، انہوں نے ملاقات میں متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ سانحہ مچھ کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گیریژن آفیسرز سے بھی خطاب کیا،جنرل باجوہ نے بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے پیشہ ورانہ کوششوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ اہم محل و قوع کی وجہ سے بلوچستان پر ہمارے دشمنوں کی کڑی نظر ہے، بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے ، بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے، دشمن قوتوں کی تخریبی کارروائیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، بلوچستان کی سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کو  یقینی بنائی جائے گی۔