انجائنا: مرض نہیں بلکہ ایک وارننگ

480

انجائنا کوئی مرض یا بیماری نہیں ہے بلکہ یہ ایک انتباہی سگنل warning کی طرح ہے جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ کو دل کا دورہ پڑنے کا زیادہ خطرہ ہے۔

انجائنا عارضی طور پر دل میں درد یا سینے میں تکلیف ہے جو اس وقت ہوتی ہے جب آکسیجن لے جانے والا خون آپ کے دل کے پٹھوں تک نہیں پہنچ پاتا۔

انجائنا کی علامات مختلف ہوتی ہیں۔ کبھی کبھی یہ جلن کی طرح محسوس ہوتا ہے ، بالکل ایسے جیسے آپ زیادہ یا بھاری کھانا کھانے کے بعد محسوس کرتے ہیں۔ اگر آپ باقاعدگی سے یہ تکلیف محسوس کرتے ہیں تو یہ دل کی بیماری کی علامت ہوسکتی ہے۔

انجائنا کی علامات ہر فرد میں مختلف ہوسکتی ہیں تاہم عام طور پر علامات جو ظاہر ہوتی ہیں وہ درجہ ذیل ہیں:

1) سینے میں زیادہ یا کم درد ، جکڑن ، دباؤ ، یا جلن کا احساس

2) سینے کی تکلیف کے ساتھ بازوؤں ، گردن ، جبڑے ، کندھے یا کمر میں درد۔ (یہ علامات اکثر جسمانی مشقت ، جذباتی تناؤ یا کھانے کے دوران ہوتی ہیں)

3) کوہنیوں ، بازوؤں یا کلائیوں (خاص طور پر آپ کے بائیں بازو) میں ، درد یا سُن ہوجانا

4) سانس میں دشواری

5) پسینہ آنا

6) متلی

7) تھکاوٹ

8) بےچینی

9) چکر آنا

انجائنا کی معمول کی دوا نائٹروگلسرین ہے جو زبان کے نیچے رکھی جاتی ہے۔ یہ خون کی رگوں کو پھیلانے میں مدد کرتی ہے تاکہ زیادہ خون دل تک پہنچ سکے۔

نوٹ کریں نائٹروگلسرین لینے والے ہر شخص کو ویاگرا (سیلڈینافل) کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے, کیونکہ بلڈ پریشر میں شدید کمی ہوسکتی ہے۔

مکمل جانچ پڑتال کے بعد آپ کا معالج دیگر ادویات جیسے بیٹا بلاکرز اور کیلشیم چینل بلاکرز لکھ سکتا ہے جس سے انجائنا سے بچنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ آپ کا ڈاکٹر آپ کو باقاعدگی سے اسپرین لینے کی بھی تجویز دے سکتا ہے جس سے خون جمنے کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے اور  تنگ شریانوں میں خون زیادہ آسانی سے بہہ سکتا ہے۔