فوج کیخلاف بولنے پر فوری پرچہ کٹے گا، وزیر داخلہ

244

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ فوج کیخلاف بولنے پر فوری پرچہ کٹے گا،ہم نے 2 لاکھ غیر قانونی رہائش پذیر افغانوں کے کارڈ بلاک کیے ہیں،پیپلز پارٹی جیت گئی اور پی ڈی ایم ہار گئی۔راولپنڈی میں نادرا دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے پاس افغان مہاجرین کا مکمل ڈیٹا موجود ہے، پاکستان میں رجسٹرڈ 15 لاکھ افغان مہاجرین کو رہنے کی اجازت ہے، ملک میں 8 لاکھ افغان مہاجرین غیر قانونی مقیم ہیں، 2 لاکھ غیر قانونی رہائش پذیر افغانوں کے کارڈ بلاک کیے ہیں، ہم نے چین اور افغانستان کا مینوئل ویزا ختم کردیا، آن لائن ویزے سے کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے، ایک دن میں ویزے کے لیے 2 لاکھ آن لائن درخواستیں آئی ہیں۔نواز شریف کے پاسپورٹ سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی معیاد 16 فروری کو ختم ہورہی ہے، جس کے بعد اس کی تجدید نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان استعفا نہیں دیں گے،وہ حکومت چھوڑ سکتے ہیں لیکن این آراو کے آگے سرینڈر نہیں کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے عوام کو دھوکا دے رہے ہیں، پی ڈی ایم نے شکست تسلیم کرلی، پی ڈی ایم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ الیکشن میں حصہ لے گی، پیپلز پارٹی جیت گئی اور پی ڈی ایم ہار گئی، پیپلز پارٹی نے ان کے گھٹنے ٹکوا دیے، یہ استعفے نہیں دیں گے لیکن لانگ مارچ ضرور کریں گے،جس دن اپوزیشن لانگ مارچ کی تاریخ بتائے گی ہم اسی دن اپنا آئینی اور قانونی حق جتائیں گے،یہ اچھی بات ہے کہ انہوں نے انتخابات کی بات کی کیوں کہ میدان خالی نہیں ہونا چاہیے۔پیپلز پارٹی سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ بلاول زرداری کے ہاتھ کی گھڑی، چھڑی اور فیصلوں کا اختیار آصف زرداری کے پاس ہے، جو سیاست دان ڈائیلاگ کا راستہ کھلا نہیں رکھتا وہ کم عقل ہے، آصف زرداری اپنے لیے راستے بنانے جا رہے ہیں جب کہ (ن) لیگ نے اپنے لیے راستے بند کرلیے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ فوج سمیت قومی اداروں کے خلاف جو بات کرے گا اس کے خلاف 72 گھنٹے میں مقدمہ ہوگا، مفتی کفایت اللہ کا کیس کے پی کے کو بجھوا دیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمن سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن عالم دین ہیں، انہیں اسلام اور اسلام آباد کا احترام ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، ان کے ستارے گردش میں ہیں، ان کی سیاست الٹ گئی ، ان کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں،اسلام آباد پر قبضے کا خواب چھوڑ دینا چاہیے۔شیخ رشید نے کہا کہ کرک میں مندر کو نذر آتش کرنے کا واقعہ پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے کیا گیا ہے، اس واقعے کے پیچھے وہی عناصر شامل ہیں جن کو یورپی یونین کی ڈس انفو لیب نے بے نقاب کیا ہے،ملک میں تمام مذہبی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری حکومتی ذمے داری ہے ، کوئی بھی شخص چاہے وہ کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت سے ہو، اسے کسی بھی مذہب کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کے اجازت نہیں دی جائے گی، واقعے کے ماسٹر مائنڈ مولانا شریف سمیت 36 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تمام افراد کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔