اومنی نے کھوسکی شوگرملز بندکردی،ہزاروں افرادبے روزگار

332

بدین (رپورٹ: محمد علی بلیدی) اومنی گروپ نے ضلع بدینکے نواحی علاقے میں قائم کھوسکی شوگر ملز کواچانک بندکردیا جس سے ہزاروں محنت کش بے روزگار ہوگئے۔ کھوسکی ملز انتظامیہ نے بتایا ہے کہ شوگر ملز کا ریکارڈ نیب کی تحویل میں ہے جس کے باعث شوگر ملز لوکین ہوگئی ہے اس لیے گنے کی کرشنگ بند کردی گئی ہے۔ کاشتکاروں نے بتایا کہ شوگر ملز انتظامیہ پر کاشتکاروں کے کروڑوں روپے بقایا جات ہیں ،کھوسکی شوگر ملز کو تالا لگنے سے اس کام کرنے والے ملازمین دربدر ہوگئے اور انہیں بقایا جات تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، اب ملازمین تنخواہ مانگتے ہیں تو کوارٹر خالی کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ملازمین نے کہا کہ شوگر ملز مافیا اومنی گروپ کے افسران کی جاگیر بن گئے ہیں اور مزدوروں کو اپنا غلام بنایا ہوا ہے ۔محنت کشوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اومنی گروپ کی تمام شوگر ملز اپنی تحویل میں لے لیں تاکہ مزدوروں کا روزگار دوبارہ شروع ہوسکے۔