سال 2020 میں دنیا سے رخصت ہونے والے نامور شخصیات

425

کسی بھی سال کا آغاز نئی امنگوں، خواہشوں اور سپنوں کے ساتھ ہوتا ہے جبکہ گزشتہ سال لوگوں کے لیے تقریباً ہر اعتبار سے ایک سخت سال تھا اور اس اگر دیکھا جائے تو 2020 ایک بھیانک خواب تھا جو کسی کے سپنے اور بہت سے اپنوں کو ساتھ لے گیا۔

سال 2020 میں اطہر شاہ خان جیدی،عبدالقادرحسن، خادم حسین رضوی، اطہر علی ہاشمی اور ظفراللہ جمالی سمیت کئی اہم شخصیات کی جدائی کادکھ دیکھنے کو ملا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہرسال کی طرح سال 2020 میں بھی نامور شخصیات اس جہان سے رخصت ہوگئیں ان میں کئی ایسے عہد سازکھلاڑی، سیاستدان اور فنکار بھی شامل تھے جنہوں نے تاریخ پر لامحدود تاثرات مرتب کیے ہیں۔

گزشتہ سال کے دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نتیجے میں بھی بہت سی اموات واقع ہوئیں اور رخصت ہونے والوں میں صحافی، علمائے کرام، سیاست دانوں، ماہرین قانون، گلوکاروں، اداکاروں ،کھلاڑیوں،شاعروں اورادیبوں میں سے بہت سی شخصیات بھی اسی وباکا شکارہوئیں۔

 گزشتہ سال 2020 جنوری کے دوران نامور ماہر قانون اور سابق چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم، ٹیسٹ کرکٹر محمد مناف،نامور سرائیکی دانشورڈاکٹر طاہر تونسوی، معروف افسانہ نگار، ناول نگار نوراحمد غازی اور چولستان کے لوک فنکار آوڈ بھگت ہمیں داغ مفارقت دے گئے۔

فروری کے مہینے میں نامور ناول نگار نثار عزیز بٹ، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان، گردیزی خاندان کے سربراہ سید راجو شاہ گردیزی ، کرکٹر وقارحسن اورمعروف شاعر و دانشور علی یاسر اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

مارچ کے مہینے میں نامور صحافی میرجاوید الرحمن، اسکواش چیمپئن اعظم خان، معروف کامیڈین امان اللہ اور نامور محقق اور ماہرملتانیات فاروق انصاری کی جدائی کاصدمہ جھیلناپڑا۔

اپریل کامہینہ ماضی کے ولن اسد بخاری، کرکٹر ظفر سرفراز،  صحافی ظفر رشید اور سینئر اخبارفروش رمضان ثانی کی رخصتی کا مہینہ تھا۔

مئی میں میجر محمد اصغر ، رکن اسمبلی شاہین رضا، سابق گورنر بلوچستان فیصل آغا اور عہد سازاداکار اور کامیڈین اطہر شاہ خان جیدی انتقال کرگئے ۔

جون میں معروف اداکارہ صبیحہ خانم، نامور ٹی وی کیمپئر طارق عزیز، جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منورحسن ،نامور عالم دین سید طالب جوہری، جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مفتی نعیم ، نامور افسانہ نگار اور مترجم ڈاکٹر آصف فرخی، نامور سرائیکی دانشور اور محقق پروفیسر شوکت مغل، سابق مسلم لیگی رہنماطاہر رشیداور معروف شاعر سرور جاویدکے انتقال کی خبرلایا۔

جولائی کے مہینے میں نشترمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا، پیپلزپارٹی کے رہنماآیت اللہ درانی، معروف مزاحیہ شاعر پروفیسر عنایت علی خان، نامور کالم نگار و شاعر ناصر زیدی، معروف شاعرہ و دانشور ماہ طلعت زاہدی، ڈائریکٹرتعلقات عامہ بہاولپور رانا اعجازمحمود،ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی قیوم خوگانی اور معروف ترقی پسند دانشور رشید مصباح انتقال کرگئے۔

 اگست میں معروف سیاسی رہنمامیر حاصل بزنجو، سینئر صحافی ، کالم نگار اور مدیراعلیٰ سید اطہر علی ہاشمی اور نامور لوک گلوکار شفا اللہ روکھڑی کے انتقال کی خبرآئی ہے۔

 ستمبر میں معروف عالم دین ضمیر اختر نقوی اور مزاحیہ اداکارمرزا شاہی کی وفات کامہینہ تھا جبکہ اکتوبر میں پیپلزپارٹی کے صوبائی معاون اور سینئررہنما راشد حسین ربانی، نامور طبلہ نواز استاد بلے خان، نوجوان کھلاڑی ماہم آفتاب اور نامور نعت گو شاعر خورشید بیگ میلسوی نے داعی اجل کو لبیک کہا۔

نومبرمیں سابق سپیکر قومی اسمبلی صاحبزادہ فاروق علی خان،سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر، سینئر سیاستدان انور عزیز چوہدری، نامور عالم دین خادم حسین رضوی، سابق وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار، نامور دانشور ڈاکٹر غلام علی الانا، سابق اولمپیئن رشید الحسن جونیئر، سینئر صحافی سعود ساحر، نامور فلمساز اقبال کاشمیری، چیف جسٹس پشاور ہائی کو رٹ وقاراحمد سیٹھ، پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن حیدرعباس گردیزی، سابق صوبائی وزیر مولوی سلطان عالم کے انتقال کی خبرآئی۔

 سال2020 کا آخری مہینہ دسمبر بھی جاتے جاتے سابق وزرائے اعظم میر ظفراللہ خان جمالی، شیر باز خان مزاری، نامور اداکارہ فردوس، سابق جج ارشد ملک، سابق صوبائی وزیرناظم حسین شاہ،سینئر صحافی و کالم نگار عبدالقادر حسن، سینیٹر کلثوم پروین، سابق کرکٹر شاہد محمود، نامور عالم دین مفتی زرولی خان، سینئر صحافی طارق محمود اور نامور ماہر آثاریات زبیر شفیع غوری کا صدمہ دے گیا۔