پاک فوج سیاست میں نہ تھی، نہ ہے اور نہ ہوگی، شیخ رشید

702

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ماضی میں پاک فوج ملکی سیاست میں شامل نہیں تھی اور نہ ہی مستقبل میں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے قائدین نے سیاست میں فوج کے مبینہ کردار کے بارے میں بات کی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاک فوج سیاست میں نہ تھی ، نہ ہے اور نہ ہوگی بلکہ اس کے برعکس وہ جمہوریت کے ساتھ تھی ، ہے اور رہے گی۔

شیخ رشید کا اشارہ ایک روز قبل لاڑکانہ میں ہوئے پی ڈی ایم کے پاور شو کی جانب تھا جس میں پی پی پی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ اپوزیشن ملک کو حکومت کی مبینہ نااہلیوں سے نجات دلانے کے لئے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہوچکی ہے۔ 

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا وزیر اعظم عمران خان کی “منتخب حکومت” پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب سیاسی جماعتوں نے اپنی شرائط پوری کرنا شروع کیں تو کچھ قوتیں بے چین ہونے لگیں اور پھر ہم نے دیکھا کہ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے سیاسی کچرے کو جمع کر کے پاکستان تحریک انصاف کے نام سے ایک پارٹی قائم کی اور پھر اس پارٹی کو پھر عوام کی منتخب کردہ حکومت کے خلاف دھرنوں اور سازشوں میں استعمال کیا گیا۔

بڑے پیمانے پر قومی مذاکرات کے امکان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ حزب اختلاف دو سال سے خاموش تھی کیونکہ ان کا خیال تھا کہ اُن کی منشاء کے مطابق کچھ نتیجہ سامنے آجائے گا لیکن جب ایسا نہیں ہوا تو “انہیں اچانک سب کچھ یاد آگیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اصل میں عمران خان کے نہیں بلکہ نیب کے خلاف ہے جو ان کی بدعنوانیوں اور کرپشن کے کیسز کھول کے بیٹھی ہوئی ہے۔