سعودی عرب کی برطانیہ پر مزید ایک ہفتے کی پابندی عائد

272

سعودی عرب نے نئے قسم کے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے برطانیہ پر مزید ایک ہفتے کی پابندی عائد کردی.

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں سعودی عرب نے برطانیہ کے ساتھ سفری پابندیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی.

جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ سے زمینی، فضائی اور بری رابطے مزید ایک ہفتہ معطل رہیں گے، پابندیوں میں توسیع نئی قسم کے کوروناوائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کی گئی ہیں جبکہ سعودی عرب سےغیرملکیوں کو جانے کی اجازت ہوگی.

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز قبل برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے انکشاف کے بعد کئی یورپی اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک نے برطانیہ پرسفری پابندیاں عائد کر دی ہیں جبکہ صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، جس میں برطانیہ میں آمدورفت اور تجارتی سامان کی منتقلی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

پابندیاں عائد کرنے والوں میں کئی یورپی ممالک بشمول فرانس، اٹلی، بلجیم، ناروے اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔ ان کے بعد سعودی عرب، اسرائیل، کینیڈا اور کویت نے بھی اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کر دی ہیں.