ایس ایس پی چوہدری اسلم کا پولیس میں ملازمت کا سرکاری ریکارڈ غائب

1013

کراچی (رپورٹ: علی فاروق سدوزئی)کراچی میں 6 سال قبل دہشت گرد حملے میں شہید کیے گئے سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایس ایس پی چوہدری محمد اسلم کی سندھ پولیس میں ملازمت کا سرکاری ریکارڈ گم ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق شہید پولیس افسر کی سروس بک کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہید کے لواحقین کو قانونی امداد کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے،اس سلسلے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ کے ڈی آئی جی عمر شاہد حامد نے سندھ کے متعلقہ پولیس حکام کو خط لکھ دیاہے۔

خط کی دستیاب کاپی کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے اپنے طور پر تلاش کی کوشش کی مگر سروس بک کا سراغ نہیں مل رہا،عمر شاہد حامد نے سندھ پولیس کے ایڈیشنل آئی جی دفاتر، ڈی آئی جیز اور مختلف شعبوں کے انچارج پولیس افسران سے سروس بک کی تلاش میں مدد کی درخواست کی ہے۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد نے بتایا کہ سرکاری محکموں میں سروس بکس کا گم ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دستاویزات ایک دفتر سے دوسرے دفتر میں لائے جانے کے دوران اکثر فوری طور پر دستیاب نہیں ہوتیں، ریکارڈ کی چھان بین کے دوران ایسا ریکارڈ مل جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سی ٹی ڈی کے افسر چوہدری اسلم جنوری 2014 میں دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔