ہر پولیس اہلکار کو 10 لاکھ روپے کا ہیلتھ کارڈ ملے گا، عمران خان

446

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھاکہ ماضی میں سیاستدان غلط راستے پر چل کر نشان عبرت بنے، کبھی ہسپتال جا رہے ہیں، کبھی باہر بھاگ رہے ہیں، باپ کی چوری چھپانے کیلئے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے اور لوٹ مار کا پیسہ کبھی کسی کے کام نہیں آتا۔

 تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ جب کرکٹ میں آیا تو میرے سامنے بھی 2 راستے آگئے، ساؤتھ افریقہ کرکٹ کھیلنے کیلئے بہت پیسے کی پیشکش ہوئی، جنہوں نے سالوں ملک کا اقتدار سنبھالا ان کے سامنے بھی 2 راستے تھے، باپ کی چوری بچانے کیلئے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑتا ہے، چوری کے پیسے کا کوئی فائدہ نہیں جبکہ یہ کسی کام نہیں آتا، اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتے ہیں کہ نبیؐ کے راستے پر چلو، قرآن پاک میں واضح ہے کہ رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

عمران خان کا کہناتھا کہ وزیراعظم ہاؤس کے 70فیصد اخرات کم کیے، وفاقی حکومت نے اپنے 40فیصد اخراجات کم کیے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہوگیا، ملک میں اللہ تعالیٰ نے سب کچھ دیا صرف گورننس کو ٹھیک کرنا ہے۔

وزیراعظم کا کہناتھا کہ پاس آؤٹ ہونیوالوں کو مبارکباد دیتا ہوں، جب تک جان و مال کی حفاظت نہیں ہوتی قوم ترقی نہیں کرتی، ہماری سرحدوں پر قوم کی حفاظت پاک فوج کرتی ہے، امن و امان قائم ہونے تک معاشرے میں خوشحالی نہیں آتی، پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کے وہ مستحق ہیں، میں چاہتا ہوں قوم پولیس کو پسند کرے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت میں آئے تو پولیس کا مورال گرا ہوا تھا، میں نے خیبرپختونخوا پولیس کو تبدیل ہوتے دیکھا، پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں پولیس کو تبدیل کیا، کئی بار آسان راستہ تباہی کا راستہ ہوتا ہے، سمجھتا ہوں پولیس کو ملنے والی تنخواہ کافی نہیں، مہنگائی میں اضافہ ہوچکا لیکن تنخواہیں نہیں بڑھیں، اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب سے کم ہیں، پولیس کی تنخواہوں سے متعلق آج حفیظ شیخ سے بات کروں گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہر پولیس اہلکار کو 10لاکھ روپے کے اخراجات کا ہیلتھ کارڈ دیں گے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں اسلام آباد پولیس کیلئے پروگرام لا رہے ہیں، پولیس تنخواہ سے جو ہاؤس رینٹ کٹوائے گی وہ گھر کی قسط ہوگی، اقساط پوری ہونے پر پولیس اہلکار گھر کے مالک بن جائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، عمران خان کو چاق چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ وزیراعظم نے پیشہ ورانہ تربیت کا بہترین مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔