صوبہ سندھ میں اس وقت گیس ناپید ہوچکی ہے ، مرتضیٰ وہاب

341

کراچی: مشیر قانون اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس نہیں دی جارہی، وفاقی حکومت نااہل ہےکیونکہ سردیوں میں ملک بھر میں گیس کا بحران پیدا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہناتھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل آئین پاکستان میں موجود ہے جبکہ وفاقی حکومت آئین پر عمل کرے تو مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس وقت سندھ کے گھریلو، صنعتی صارفین اور ٹرانسپورٹر گیس بحران کا سامنا کررہے ہیں اور صوبہ سندھ میں اس وقت گیس ناپید ہوچکی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں اب گیس کا بحران ہے جبکہ سندھ وہ صوبہ ہے جو گیس میں خود کفیل ہے اور ہم اپنی ضرورت سے زیادہ گیس پیدا کر رہے ہیں، سندھ کو اس کے حصے کی گیس ملنی چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ حکومت نے عوام کے بجائے مافیاز کی ترجیحات کو سپورٹ کیا ہے اور یہ اداروں کو کوڑیوں کے دام بیچ کر فرار ہونا چاہتے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ آئین کی دفعہ 158 کے مطابق جس صوبے میں گیس دریافت ہوتی ہے اس کی ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے اور کئی سالوں سے وفاقی حکومت آئینی شق کو پامال کررہی ہے۔

واضح رہے  پاکستان میں گیس کی یومیہ پیداوار میں سندھ کا حصہ 24 سے 25 سو ایم ایم سی ایف ڈی ہے اور آج کل سندھ کی ضرورت 14 سے 15 سو ایم ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ  افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس وقت صوبہ سندھ کو صرف 800 سے 900 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہناتھا کہ یہ اتنے نا اہل ہیں کہ موسم سرما کے دوران پورے پاکستان میں گیس کا بحران ہے کیوں کہ انہوں نے پاکستان کی 22 کروڑ عوام کو کبھی ترجیح نہیں دی، ہمیشہ اپنی حکومت اور حکومت کی اے ٹی ایمز، کابینہ میں بیٹھے مفاد پرست ٹولے کے مفادات کو ترجیح دی ہے جس کی وجہ سے آج گیس کا شدید بحران درپیش ہے۔

دوسری جانب بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا اور اسٹیل مل چلانے کا وعدہ کیا تھا مگر شدید معاشی بحران میں انہوں نے اسٹیل مل ملازمین کو ہی نکالنے کا فیصلہ کیا جبکہ اب انہوں نے ریلوے بھی نہ چلائے جانے کا اعتراف کیا ہے اور ان کی نااہلیاں قوم کے سامنے ہیں، وزیر اعظم کو اب اپنے گھر چلے جانا چاہیے۔

یاد رہے حکومتی دعوؤں کے باجود سندھ سمیت دیگر صوبوں میں بھی گیس کی قلت کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے جبکہ حکومت نے گیس کی کمی کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز کو گیس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔