کراچی: فلیٹ میں دھماکا، 5افراد جھلس گئے

266

شہر قائد کے علاقے محکمہ موسمیات صفورہ چورنگی کے قریب فلیٹ میں سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صفورا چورنگی اور محکمہ موسمیات کے قریب رہائشی فلیٹ کی تیسری منزل میں سلنڈر پھٹنے کے باعث دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی جبکہ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں نے آگ پر قابو پالیا۔

حادثے میں ہونے والے زخمیوں میں ایک بچہ، دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ڈاؤ اور سول کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا جبکہ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور امدادی رضاکار موقع پر پہنچے تھے اور ریسکیو کا آپریشن کیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گیس پائپ لائن میں دھماکے سے آگ لگنے کے باعث پیش آیا۔

پولیس حکام کا کہناتھا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ فلیٹ گزشتہ 6ماہ سے بند تھا، اسٹیٹ ایجنٹ ایک فیملی کو فلیٹ دکھانے لایا تھا جب حادثہ پیش آیا۔

فائربریگیڈ تفتیشی افسر کا کہنا ہےکہ اسٹیٹ ایجنٹ نے گھر میں لائٹ جلانے کے لئے سوئچ بورڈ کا بٹن آن کیا تو اچانک ذور دار دھماکہ ہوگیا تھا جبکہ گھر میں کوئی گیس سلنڈر موجود نہیں تھا۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا تھاکہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے  گھر میں سوئی گیس کی لیکچ کے باعث گیس جمع ہوگئی  ہے اور شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس پر بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کیا گیا جو مزید جانچ کے بعد اپنی رپورٹ دیں گی۔