امارات میں یہودی اسکول اور عبادت گاہ کا افتتاح آج ہوگا

456

اسرائیل کے سب سے بڑے عالم یزتک یوسف متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے جس کا مقصد عرب خطے میں یہودی عبادت گاہ اور اسکول قائم کرنا ہے۔

اخبار “اسرائیل ہائوم” کے مطابق اسرائیل کے چیف ربّائی متحدہ عرب امارات کے تاریخی دورے میں یہودی مذہب پر مبنی اسکول اور عبادت گاہ کا افتتاح کریں گے اور وہاں کی یہودی برادری کے سربراہ ربّائی لیوی ڈچ مین کے ساتھ ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

اس دورے کے دوران یزتک یوسف امارات کے اعلی عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے اور برج خلیفہ میں یہودی شریعت کے مطابق ‘حلال’ کھانا مہیا کرنے والے نئے ریسٹورنٹ کا معائنہ کریں گے۔

یہودی عبادت گاہ ابو ظہبی میں قائم ہوگی۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق اماراتی خطے دبئی اور ابو ظہبی میں یہودی کمیونٹی کی شرح باقی خطوں سے کہیں زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر کے وسط میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیراہتمام اپنے تعلقات کو بحال کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔