پی ٹی آئی عوام دوست حکومت ہے‘آفتاب صدیقی کا دعویٰ

168

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام دوست حکومت ہے، اسٹیل مل کے ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ سے 23 لاکھ روپے فی کس دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل 2006 ء تا 2007 ء میں اربوں روپے کا منافع دے رہی تھی مگر پیپلز پارٹی کی حکومت کی نااہلی کے سبب 2008 ء سے اسٹیل مل نقصان میں جانا شروع ہوئی۔ 2013 ء تک اسٹیل مل کا دیوالیہ نکل چکا تھا اوررہی سہی کسر نواز شریف حکومت نے پوری کر کے اسے2015 ء مکمل بند کردیا تھا۔ اس ادارے پر اب تک حکومت کے 50 ارب روپے لگ چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سمجھتی ہے کہ ایک ادارہ جو سیاست اور دیگر اسباب کے پیش نظر تباہ ہوگیا ہے، اسکی نجکاری ہی بہترین حل ہے۔آفتاب صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تباہی اور سیاست کے سبب اسٹیل ملزتباہ ہوئی۔ پیپلز پارٹی اس معاملے پوائنٹ اسکو رنگ کررہی ہے۔ آفتاب صدیقی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ملکی ترقی کے ہر منصوبے کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرتی ہے۔