پاک اسٹیل کے پینل بلوں کی ادائیگی کامطالبہ

202

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹیل میڈیکل ایسو سی ایشن کا ایک اہم اجلاس ایم ایم حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں قومی ادارے سے جڑے مختلف پینل میڈیکل اداروں جس میں اسپتالوں، میڈیکل اسٹوروں، لیبارٹریز اور پینل ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کا پینل میڈیکل اداروں کے بلوں کی ادائیگی پر کوئی توجہ نہیں جبکہ بلوں کی عدم ادائیگی کا سلسلہ گذشتہ 5سال سے جاری ہے۔ اجلاس میں صدائے افسوس بلند کرتے ہوئے کہاگیا کہ قومی ادارے سے جڑے میڈیکل اداروں کے لاکھوں روپے پھنس گئے ہیں جس کی وجہ سے میڈیکل اداروں سے وابستہ لوگ فاقہ کشی کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کو اس کا کوئی احساس نہیں ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ طے پایا گیا کہ اگر انتظامیہ پاکستان اسٹیل میڈیکل اداروں کی فوری ادائیگی نہ کی تو نہ صرف عدالت عالیہ سے رجوع کریں گے بلکہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔