کورونا کا پھیلائو 5بڑے شہروں سے ہورہا ہے، این سی او سی (مزید 43اموات)

233

کراچی+اسلام آباد ( اسٹاف ر پورٹر+صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کا70 فیصد پھیلاؤ ملک کے 5 بڑے شہروں سے ہو رہا ہے جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، حیدر آباد اور پشاور شامل ہیں۔ ملک بھر میں وائرس سے مزید 43 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد جاںبحق مریضوں کی تعداد 7985 تک پہنچ گئی‘ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 2829 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 95 ہزار185 تک پہنچ گئی‘ اب تک 3 لاکھ 39 ہزار810 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 2186 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے‘ملک میںکورونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح 2 فیصد جبکہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح 86 فیصد ہے۔ گزشتہ24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 2257 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے‘ فعال کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے‘ یہ تعداد 47390 تک پہنچ گئیجبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں وائرس کے 40639 ٹیسٹ کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 13 مریض جاں بحق ہوگئے اور مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 2924 ہوگئی اور مزید 1419 کیس سامنے آئے ہیں اس طرح مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 173014 ہوگئی ہے ۔ وزیراعلیٰ ہائوس سے اتوار کے دن جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت 18561 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 17777 گھروں میں قرنطینہ ہیں، 14 آئیسولیشن مراکز میں اور 770 مختلف اسپتالوں میں موجود ہیں‘ فی الحال 685 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں61 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے‘ صوبے بھر کے 1419کورونا کیسز میں 1132 نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ خیبر پختونخوا میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ 10 دنوں میں 10 لاکھ روپے سے زاید کے جرمانے اور 2600 دکانوں کو سیل کردیا گیا‘ 80 کے قریب مقدمات درج کیے گئے ہیں۔