پولیس مقابلے اور دیگر کارروائیوں میں 9ملزم گرفتار

128

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا ،گرفتار ملزمان میں سے 2مبینہ مقابلے کے دوران بھی گرفتار ہوئے ،گرفتار شدگان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ ، منشیات، مسروقہ موٹرسائیکلیںاور دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق پولیس کے اسپشل انوسٹی گیشن یونٹ نے نجی ٹی وی چینل کا ایم ڈی بن کر خواتین کو ملازمت کا جھانسا دینے والے ملزم سمیر شیخ کوگرفتار کرلیا،ملزم اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا کا بھی استعمال کرتا تھا،پولیس کے مطابق دوران حراست ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ خود جعلی لیٹر تیار کرنے کے بعد لڑکیوں کو واٹس اپ کرتا تھا اور انہیں کہتا تھا کہ جلد ایچ آر سے انہیں لیٹر مل جائے گا،گلشن معمار پولیس نے ڈکیتی ورہزنی کی وارداتوںمیں مطلوب ایک ملزم محبت خان کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم نے امجدنامی شہری سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی تھی۔جس کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا گیا۔سکھن پولیس نے منشیات فروشی ، مضر صحت گٹکا بنانے اوراس کی فروخت میں ملوث ملزم قاسم کوگرفتار کرلیا،ملزم قاسم گھر پر گٹکا/ماوا تیار کر کے علاقے میں فروخت کے لیے سپلائی کرتا تھا۔گلشن معمار پولیس نے منشیات اسمگلروں کے ایک بین الصوبائی گروہ کے سرغنہ رحیم بخش عرف ماما کو گرفتار کرلیا،ملزم کوپولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔جس کے قبضے سے دو کلو سے زائد چرس اورموبائل فون برآمدہوا۔ فیروزآباد پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی 10 سے زائد وارداتوں میں ملوث 3ملزمان حارث،شارق اور صلاح الدین کوگرفتار کرلیا،ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا،جن کے قبضے سے 2 پستول اور3مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیںاور نئی موٹر سائیکلوں کو پارٹس کی صورت میں فروخت کرتے تھے۔فیروز آباد سے پولیس نے ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث2ملزمان اشرف اور آصف کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔