فضا ئی آلودگی کم کرنے کیلیے اقدامات ناگزیر ہیں،ناصرحسین شاہ

190

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر جنگلات ،بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی دور کرنے اور فضا میں کاربن کو کم و جذب کرنے میں مینگرو ز کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اگر فضا میں کاربن کی رفتار اسی طرح بڑھتی رہی تو مستقبل میں دنیا کو بڑی پریشانی و مصیبت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جو کہ موسمیاتی تغیرات سے شدید متاثر ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے اقداما ت کیے جائیں جو کہ فضا میں آلودگی کو کم کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والی وفاقی سیکرٹری وزارت ماحولیاتی تبدیلی حکومت پاکستان ناہید ایس درانی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ جنگلات سندھ ڈاکٹر بدر جمیل میندرو، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عبدالجبار قاضی ودیگر بھی موجود تھے۔وفاقی سیکرٹری نے اس موقع پر بتایا کہ انہوں نے سندھ میں محکمہ جنگلات کے جاری مختلف منصوبوں کا دورہ کیا جن میں کچے کے علاقے میں واقع جنگلات اور سندھ کی ساحلی پٹی پر مینگروز کے جنگلات بھی شامل ہیں۔وفاقی سیکرٹری نے وزیر جنگلات سید ناصر حسین شاہ سے درخواست کی کہ منصوبوں کی رفتار میں اضافے کے لیے ضروری ہے کہ سندھ حکو مت برا بری کی گرا نٹ دے خاص طور سو نا می پروجیکٹ میں سندھ حکومت کی جانب سے رقم میں مزید اضافہ کیا جائے۔